کراچی (جی ٹی وی نیوز اردو): کراچی میں نویں جماعت کے نتائج نے ہزاروں طلبہ اور ان کے والدین کو پریشانی میں مبتلا کردیا ہے، امتحانات میں شرکت کے باوجود بعض طلبہ کو نتائج میں غیر حاضر قرار دیے جانے اور اہم مضامین میں فیل ہونے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔
طلبہ اور والدین کے مطابق نتائج میں بعض طلبہ کو ریاضی، طبیعیات اور کیمیا جیسے اہم مضامین میں ناکام قرار دیا گیا، جس کے بعد نتائج میں مبینہ غلطیوں نے ان کے لیے نئی مشکلات پیدا کردی ہیں۔
بعض طلبہ کو اپنے امتحان میں شرکت کا ثبوت فراہم کرنے کے لیے بورڈ حکام سے رجوع کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ کچھ طلبہ اپنے نمبروں کی درستگی کے لیے بھی حکام سے رابطہ کر رہے ہیں۔
والدین کا کہنا ہے کہ بچوں نے پورا سال محنت سے تعلیم حاصل کی، امتحانات میں شرکت کی، تاہم نتائج میں سامنے آنے والی غلطیوں نے ان کی محنت اور مستقبل دونوں کو غیر یقینی صورتحال سے دوچار کردیا ہے۔
دوسری جانب ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے نتائج سے متعلق وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بعض طلبہ نے جوابی امتحانی کاپیاں درست طریقے سے پُر نہیں کیں اور رول نمبرز کا درست اندراج بھی نہیں کیا، جس کے باعث کچھ طلبہ کے نتائج روکے گئے اور وہ غیر حاضر تصور ہوئے۔
بورڈ حکام کے مطابق ایسے طلبہ کے نتائج درست کردیئے گئے ہیں۔ ناظم امتحانات نے بتایا کہ کم نمبرز ملنے یا فیل ہونے سے متعلق شکایت کی صورت میں طلبہ بورڈ کے قوانین کے مطابق اسکروٹنی فارم جمع کرا سکتے ہیں۔
یوں نتائج میں مبینہ بے ضابطگیوں کی شکایات کے بعد طلبہ کو اپنے ریکارڈ اور نمبروں کی درستگی کے لیے بورڈ سے رجوع کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔





