محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ کے مطابق شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 76 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ شمال مشرقی سمت سے 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے بیان کے مطابق کراچی میں آج درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، جبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
کراچی میں انفلوئنزا کے کیسز میں اضافہ
دوسری جانب کراچی میں موسمی تبدیلی، گردوغبار اور بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کے باعث انفلوئنزا، نزلہ اور زکام کی شکایات میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ شہر کے سرکاری اور نجی اسپتالوں میں متاثرہ مریضوں کی تعداد بڑھنے کی اطلاعات ہیں۔
ڈاکٹروں اور اسپتال حکام کے مطابق اس سال انفلوئنزا سیزن معمول سے پہلے شروع ہوگیا ہے۔ عام طور پر یہ بیماری دسمبر اور جنوری میں زیادہ شدت اختیار کرتی ہے، تاہم اس بار گزشتہ ایک سے دو ماہ کے دوران ہی کیسز میں تیزی سے اضافہ رپورٹ کیا گیا ہے۔
جناح اور سول اسپتال میں مریضوں کی تعداد بڑھ گئی
انچارج جناح اسپتال کے مطابق وہاں روزانہ 80 سے زائد انفلوئنزا کیسز رپورٹ ہورہے ہیں، جبکہ مریضوں کی مجموعی تعداد دگنی ہوچکی ہے۔
سول اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ روزانہ 50 سے زائد انفلوئنزا سے متاثرہ افراد علاج کے لیے اسپتال پہنچ رہے ہیں۔ اسپتالوں میں مریضوں کی بڑھتی تعداد کے باعث بیماری کے پھیلاؤ پر تشویش ظاہر کی جارہی ہے۔
انفلوئنزا کا پھیلاؤ توقع سے زیادہ تیز
آغا خان اسپتال کے ماہر متعدی امراض پروفیسر ڈاکٹر فیصل محمود کے مطابق کراچی میں انفلوئنزا کا پھیلاؤ توقع سے زیادہ تیزی سے جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران تقریباً 200 کیسز کی باقاعدہ تصدیق ہوئی ہے۔ تاہم چونکہ بہت سے مریض ٹیسٹ نہیں کرواتے، اس لیے انفلوئنزا سے متاثرہ افراد کی حقیقی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہوسکتی ہے۔
احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اہمیت
انفلوئنزا کی علامات ظاہر ہونے پر شہریوں کو احتیاط برتنی چاہیے، خصوصاً کھانسی یا چھینک کے دوران منہ اور ناک ڈھانپنا، ہاتھوں کی صفائی کا خیال رکھنا اور بیمار ہونے کی صورت میں دوسروں سے قریبی رابطہ محدود کرنا مفید اقدامات ہیں۔
شدید علامات، سانس لینے میں دشواری یا مسلسل بخار کی صورت میں ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔ شہریوں کو موسم کی صورتحال اور صحت سے متعلق ہدایات پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔






