یورپ کی مختلف پروازوں کو بم کی دھمکیاں موصول ہوئیں، جس کے باعث وارسا کے ہوائی اڈے کو عارضی طور پر بند کرنا پڑا، تاہم تمام طیارے بحفاظت اتر گئے۔
یورپ کی چار پروازوں کو بم کی دھمکیاں موصول ہوئیں، جس کے باعث پولینڈ کے دارالحکومت وارسا کے ایک ہوائی اڈے کو عارضی طور پر بند کرنا پڑا۔
تاہم حکام کے مطابق تمام طیارے بحفاظت اتر گئے اور کسی بھی طیارے سے دھماکہ خیز مواد برآمد نہیں ہوا۔ بم کی دو دھمکیاں وارسا جانے والی پروازوں کو موصول ہوئیں۔
ان میں سے ایک ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن سے آنے والی سکینڈے نیوین ایئرلائنز اور دوسری لندن کے ہیتھرو ہوائی اڈے سے روانہ ہونے والی پولینڈ کی فضائی کمپنی ایل او ٹی کی پرواز تھی۔
تیسرے واقعے میں اسپین کے ہوائی اڈوں کے منتظم ادارے نے تصدیق کی کہ برطانیہ کے شہر مانچسٹر سے اسپین جانے والی ریان ایئر کی پرواز کو بم کی دھمکی ملنے پر ہنگامی حفاظتی طریقہ کار نافذ کیا گیا۔
دوسری جانب اٹلی کے شہر برگامو سے بلغاریہ کے دارالحکومت صوفیہ آنے والی وِز ایئر کی پرواز کا بھی معائنہ کیا گیا۔ بلغاریہ کی وزارت داخلہ کے ترجمان نے بتایا کہ طیارہ مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بج کر 10 منٹ پر صوفیہ میں اترا تھا۔
پیر کو بھی لندن کے لوٹن ہوائی اڈے سے صوفیہ جانے والی وِز ایئر کی ایک پرواز کو بم کی دھمکی کے بعد راستہ تبدیل کر کے ہنگری کے دارالحکومت بڈاپسٹ میں ہنگامی طور پر اتارنا پڑا تھا اور اس موقع پر لڑاکا طیارے بھی فضا میں بھیجے گئے تھے۔






