امریکی سینیٹر کرسٹن گلیبرانڈ نے ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ میں مصنوعی ذہانت کے استعمال سے متعلق وضاحت اور فوجی اے آئی پر سخت انسانی نگرانی کا مطالبہ کیا۔
نیویارک سے تعلق رکھنے والی امریکی سینیٹر کرسٹن گلیبرانڈ نے فوجی مصنوعی ذہانت پر زیادہ مضبوط انسانی نگرانی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ یہ آنے والے میزائلوں کو روکنے میں مدد دے سکتی ہے، لیکن ہدف کے تعین میں غلطیوں سے شہریوں کی جانیں جا سکتی ہیں۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ سینیٹ کی آرمڈ سروسز اور انٹیلی جنس کمیٹیوں کو اس بات کا باریک بینی سے جائزہ لینا چاہیے کہ مصنوعی ذہانت سے لیس ہتھیاروں کا نظام کیا کر سکتا ہے اور انسان ان کی نگرانی کیسے کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ نہیں چاہتیں کہ جلد بازی میں کسی غیر ملکی سرزمین پر لڑکیوں کے اسکول پر بمباری ہو جائے کیونکہ مصنوعی ذہانت فرق نہ کر سکی، اس پر انسانی نظر نہیں تھی یا جو ڈیٹا دیکھا گیا، وہ 10 سال پرانا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ابھی یہ ماننے کی کوئی وجہ نہیں کہ ایران جنگ میں ہدف کے تعین میں مصنوعی ذہانت شامل تھی، لیکن وہ یہ بات یقینی طور پر جاننا چاہتی ہیں، کیونکہ لوگوں کو ہلاک کرنے جیسے معاملے میں کسی قسم کا وہم یا غلطی نہیں ہونی چاہیے۔
واضح رہے کہ 28 فروری کو جنگ کے ابتدائی گھنٹوں میں جنوبی ایران میں لڑکیوں کے ایک اسکول پر میزائل گرا تھا، جس میں 170 سے زائد افراد شہید ہوئے، جن میں اکثریت طالبات کی تھی۔






