اسرائیلی بری افواج نے عالمی سرحدی قوانین کی دھجیاں اڑاتے ہوئے جنوبی شام کے حدود میں پیش قدمی کی اور ایک تعلیمی ادارے پر حملہ آور ہونے کے ساتھ ساتھ عام شہریوں کے گھروں میں تلاشی کی پرتشدد کارروائیاں کی ہیں۔
شام کے سرکاری میڈیا الباریہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی ملٹری کی 14 مسلح گاڑیوں پر مشتمل ایک بڑی گشتی ٹیم صوبہ قنیطرہ کے سرحد سے متصل گاؤں السمدانیہ الغربیہ میں اچانک داخل ہوئی۔
اسرائیلی فوجیوں نے گنز کے زور پر اسکول کا مرکزی لوہے کا گیٹ توڑ ڈالا اور زبردستی اسکول کے صحن اور کلاس رومز کے اندر داخل ہو کر خوف و ہراس پھیلایا، جس کے بعد انہوں نے ملحقہ کئی گھروں پر چھاپے بھی مارے۔
دوسری طرف مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں بھی اسرائیلی مظالم کی لہر دیکھی گئی۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق شمالی شہر قلقيلية کے قریب واقع کفر سابا محلے میں اسرائیلی فوج نے چھاپے کے دوران اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں گولی لگنے سے ایک فلسطینی بچہ شدید زخمی ہو گیا۔
سرکاری پریس ایجنسی وفا کے مطابق اسرائیلی اہلکاروں نے الخلیل شہر اور ایک گاؤں سے دو فلسطینی شہریوں کو اغوا کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ فوجی اہلکاروں نے دوسرے مغوی کی ذاتی گاڑی کو بھی اپنے قبضے میں لے کر ضبط کر لیا ہے۔






