غزہ پر اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں حماس کے رفح بریگیڈ کے سینئر کمانڈر سمیر ابو یونس شہید ہوگئے، جبکہ بے گھر افراد کے خیمے پر حملے میں 2 افراد زخمی بھی ہوئے۔
حماس نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی غزہ کے علاقے خان یونس کے المواصی زون میں ہونے والے ایک اسرائیلی فضائی حملے میں رفح بریگیڈ کے کمانڈر سمیر ابو یونس شہید ہو گئے ہیں۔
اس سے قبل اسرائیلی فوج اور داخلی سلامتی کے ادارے شن بیت نے ایک مشترکہ بیان میں کہا تھا کہ خان یونس میں ایک ڈرون حملے کے ذریعے حماس کے ایک سینئر فوجی کمانڈر کو نشانہ بنایا ہے۔
دوسری طرف بے گھر افراد کو پناہ دینے والے ایک خیمے پر ہونے والے اس حملے میں 2 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے، جنہیں خان یونس کے ناصر میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا ہے۔
فلسطینی صحافیوں کی جانب سے اسپتال کے اطراف سے جاری کی گئی ویڈیو فوٹیج میں احاطے کے اندر ایمبولینسیں اور خون آلود اسٹریچر دیکھے جا سکتے ہیں۔
بحیرہ روم کے ساحل پر واقع المواصی کی پٹی میں خیموں میں رہنے والے بے گھر فلسطینیوں کی بڑی تعداد مقیم ہے اور اسرائیل نے ماضی میں اسے انسانی ہمدردی کا زون قرار دینے کے باوجود یہاں بار بار حملے کیے ہیں۔
دوسری جانب غزہ کی وزارت صحت نے ہفتہ کے روز اپنی تازہ ترین رپورٹ میں بتایا ہے کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی حملوں میں 16 فلسطینی شہید اور 68 زخمی ہوئے ہیں۔






