اقوام متحدہ نے امریکہ اور ایران پر زور دیا ہے کہ وہ دنیا کے غریب ممالک کو شدید غذائی بحران اور غربت سے بچانے کے لیے آبنائے ہرمز سے کھاد کے جہازوں کو فوری گزرنے کی اجازت دیں۔
ترکیہ کے تفریحی شہر انطالیہ میں جاری موسمیاتی کانفرنس کے دوران اقوام متحدہ کے دفتر برائے پراجیکٹ سروسز کے سربراہ جارج موریرا دا سلوا نے کہا کہ ایران اور امریکہ کو چاہیے کہ وہ انتہائی کمزور ممالک میں بحران کو کم کرنے کے لیے آبنائے ہرمز کے راستے کھاد کی ترسیل کی فوری اجازت دیں۔ کھاد کی کمی کروڑوں افراد کو غربت کی دلدل میں دھکیل سکتی ہےْ
جارج موریرا دا سلوا نے کہا کہ دونوں ممالک جامع معاہدے کے لیے مذاکرات جاری رکھیں لیکن اس معاہدے کی آڑ میں کھاد کی ترسیل کے لیے فوری، غیر معمولی، محدود اور وقت کے پابند حل کو نظر انداز نہ کیا جائے، کیونکہ اس وقت ہمیں روزانہ کھاد سے لدے 5 بحری جہازوں کی ضرورت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس تنازع سے قبل دنیا کی ایک تہائی کھاد آبنائے ہرمز سے گزرتی تھی اور ناکہ بندی کے بعد سے اس کی قیمتوں میں 30 فیصد اضافہ ہو چکا ہے، جس کا غیر متناسب اثر غریب ترین ممالک پر پڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوڈان کے وزیر خزانہ نے انہیں بتایا کہ وہاں 6 ماہ میں خوراک کی قیمتیں دوگنی ہو گئی ہیں جبکہ نیپال کے کسان اب کھاد خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔
اقوام متحدہ کے عہدیدار نے خبردار کیا کہ موزمبیق، کینیا، سوڈان، صومالیہ، نیپال، بنگلہ دیش اور سری لنکا جیسے ممالک شدید متاثر ہو رہے ہیں اور اگر دنیا کے مختلف حصوں میں فصلوں کی کاشت کا موسم ضائع ہوتا رہا تو 45 ملین افراد شدید غذائی عدم تحفظ کا شکار ہو سکتے ہیں جبکہ 30 ملین افراد غربت میں گر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کے پاس 7 سے 10 دنوں کے اندر کھاد کی ترسیل شروع کرنے کا نظام مکمل طور پر تیار ہے۔






