واشنگٹن (جی ٹی وی نیوز): اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کی جانب سے ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی شروع کرنے کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر دباؤ ڈالنے کی کوششوں کے دوران اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ رومن گوفمین واشنگٹن پہنچ گئے ہیں۔
امریکی نیوز ویب سائٹ ’ایگزیوس‘ کے مطابق رومن گوفمین ایران جنگ کے معاملے پر ٹرمپ انتظامیہ کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں اور مشاورت کے لیے امریکا میں موجود ہیں۔ رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وہ امریکی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف سے ملاقات کر رہے ہیں، جبکہ وائٹ ہاؤس کے خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکوف سے ملاقات کے لیے میامی جانے کا بھی امکان ہے۔
موساد، سی آئی اے اور وائٹ ہاؤس نے اس حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
ٹرمپ ایران کے خلاف نئی جنگ شروع کرنے سے گریزاں
رپورٹ کے مطابق ایک امریکی عہدیدار نے بتایا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اب تک ایران کے خلاف جنگ دوبارہ شروع کرنے سے متعلق نیتن یاہو کا دباؤ مسترد کرتے آئے ہیں۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان 5 نومبر کو ٹیلی فونک رابطہ بھی ہوا تھا، جس میں ایران جنگ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تاہم ٹرمپ نے نئی فوجی کارروائی کے بجائے ایران کے خلاف بحری ناکا بندی اور اقتصادی دباؤ جاری رکھنے کی حمایت کی ہے۔
اسرائیل کی سیاسی صورتحال اور ایران پر حملے کے خدشات
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل میں 27 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات کے بعد نیتن یاہو پارلیمنٹ میں اپنی اکثریت کھو چکے ہیں، جبکہ ان کے سیاسی حریف گادی آئزنکوٹ کو نئی حکومت بنانے کا مینڈیٹ مل گیا ہے۔ تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ وہ حکومت تشکیل دینے میں کامیاب ہو سکیں گے یا نہیں۔
ذرائع کے مطابق اسرائیلی اپوزیشن رہنماؤں کو خدشہ ہے کہ نیتن یاہو اپنی حکومت برقرار رکھنے اور گادی آئزنکوٹ کی حکومت سازی کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے ایران پر حملے یا ایران کو اسرائیل کے خلاف کارروائی پر اکسانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔
نیتن یاہو کی آئزنکوٹ سے دو گھنٹے طویل ملاقات
رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو نے گزشتہ روز گادی آئزنکوٹ سے دو گھنٹے طویل ملاقات کی اور انہیں ایران کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔ آئزنکوٹ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کے خیال میں موجودہ حالات ایران کے خلاف کسی فوری فوجی کارروائی کا تقاضا نہیں کرتے۔






